• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفیر رضا بشیر کی سینیٹر کامران مائیکل اور جاپانی ماہر تعلیم سے ملاقات

جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے سینیٹر کامران مائیکل اور ریمیننٹ اکیڈمی جاپانی لینگویج اسکول کے چیئرمین مسٹر میکونی ایزایا کا سفارت خانے میں خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور تعلیمی شعبے میں تعاون پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی، جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ 

سفیر رضا بشیر تارڑ نے پاکستان میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سینیٹر کامران مائیکل اور مسٹر میکونی ایزایا کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار قرار دیا۔

مسٹر میکونی ایزایا نے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ پیش کیا اور اس منصوبے کو نوجوانوں کی پیشہ ورانہ ترقی اور پاک جاپان ثقافتی تبادلے کےلیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ 

سفیر رضا بشیر تارڑ نے ان کے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے اس پر عملدرآمد کے لیے سفارت خانے کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

سینیٹر کامران مائیکل نے مسٹر میکونی ایزایا کے تعلیمی منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات پاکستان میں سماجی ہم آہنگی اور تعلیمی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔

ملاقات کے اختتام پر سفیر رضا بشیر تارڑ نے دونوں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں تعلیم اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید