لاہور(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ زیادتی ہوئی‘ فوج خاموش نہیں‘ اسے حالات کی خبر ہے‘ بس غلط شاٹ لگ گئی اور سلپ میں کیچ ہوگیا‘ ن لیگ کی طرف سے جلسوں کی ابتدا جلد الیکشن کی ایک کڑی ہے‘ دو ووٹوں کی اکثریتی حکومت دو ماہ میں ہی سیاسی طور پر ختم ہو جائے گی۔جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریل ہو یا جیل عمران خان کے لانگ مارچ کے ساتھ ہوں، 6 ماہ سے کہتا آرہا ہوں کہ مارچ میں ہمارے خلاف سازش ہوگی اور اب یہ سازش ان کے گلے پڑگئی ہے، ان موجودہ حالات کا صرف ایک ہی حل ہے الیکشن، الیکشن اور الیکشن۔الیکشن میں آصف زرداری رکاوٹ ہیں، فیصلہ ہوجائے گا تو یہ جوڈیشل کمیشن بھی مانیں گےاور31مئی سے پہلے الیکشن کی طرف آئیں گے۔دریں اثناءاپنے بیان میں شیخ رشید نے کہاہے کہ امید ہے عمران خان جلد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے، پھر لگ پتہ جائے گا سیاست آر ہوگی یا پار، بہتر یہی ہے 31 مئی سے پہلے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا جائے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت سازشی مراسلے کو بے بنیاد اور جعلی قرار دیتی تھی ‘اب خود اپنے بیانیے کیخلاف تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر رہی ہے، یہ بات ثابت ہوگئی کہ مداخلت سازش سے ذیادہ خطرناک ہوتی ہے، جس طرح انگریز نے برصغیر میں مداخلت کی تھی۔