لاہور (شوبز رپورٹر) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ جمہوریت چلتی رہنی چاہئے ہر ادارے کو اپنا کام کرنا چاہئے ،جمہوریت کی مضبوطی میں میڈیا کے کردار کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔موجودہ جمہوریت جس مقام پر ہے اس میں الیکٹرانک میڈیا کا بہت اہم کردار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقامی ہوٹل میں(ایمپرا)الیکٹرانک میڈیا پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ کنونشن سےبطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدارت آفتاب چوہدری صدر ایمپرا نے کی ۔مہمانان گرامی میں خبرناک کےمحمد علی میر، سلمان عابد ،پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد ،ایم پی اے فائزہ ملک،صباصادق، فیضان ورک، سابق وزیر تعلیم پنجاب عمران مسعود ،سینئرادا کار افتخار ٹھاکر ،عندلیب عباس، ثانیہ کامران، سیماانور، رہنما تحریک انصاف عمر چیمہ،ایم پی اے میاں نوید علی ،ڈاکٹر فرید پراچہ،سلمان غنی ،ارشاداحمد عارف،عمران خان،عرفان اصغر، حافظ زین علی،حبیب اکرم،خالد عباس ڈار،بریگیڈئر (ر)فاروق حمید شامل تھے ۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے مزیدکہا کہ ایمپرا کے لیے حکومت ِ پنجاب جلد از جلد دفتر فراہم کریگی کیونکہ پروڈیوسرز الیکٹرانک میڈیا کی جان ہوتے ہیں ۔ پروڈیوسرز کا پس ِ پردہ رہنے کے باوجود ٹاک شوز ،نیوز میں بہت اہم کردار ہوتا ہے ۔ اس موقع پر گلوکار جسی سنگھ لائل پوریا نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔