• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلبھوشن کو پی ٹی آئی حکومت نے سہولتیں دیں، رانا مشہود

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نائب صدر رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کو پی ٹی آئی حکومت نے سہولتیں دیں۔

رانا مشہود نے کراچی میں ن لیگی رہنما شاہ محمد شاہ، علی اکبر گجر، سلمان احمد اور ندیم آرائیں کی موجودگی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان پر خوب تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے، کوشش ہے 2024 سے پہلے کے فور منصوبہ مکمل ہو۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان، بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل پر شہباز شریف کو تشویش ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں اپنا مقام واپس لینا چاہتا ہے، مہنگائی مسئلہ ہے، ڈالر اور معیشت کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

رانا مشہود خان نے یہ بھی کہا کہ حفیظ شیخ، رضا باقر سمیت سب آئی ایم ایف سے آئے، پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے کے ہاتھوں میں دے دیا گیا تھا، اسٹیٹ بینک بھی آئی ایم ایف کا محتاج ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان تنہا ہوچکا تھا سی پیک پر کام شروع ہوگا تو معیشت ترقی کرے گی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ’ایبسلیوٹلی ناٹ‘ کہنے والے ن لیگ کا ماضی نہیں جانتے ہیں، ایٹمی دھماکوں کے وقت نواز شریف نے ایبسلیوٹلی ناٹ کہا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان امریکا سے آئے تو کہا میں ورلڈکپ جیت کر آیا ہوں، سابق وزیرعظم نے ایک موقع پر کہا تھا نریندر مودی آئے گا تو تعلقات بہتر ہوں گے۔

رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان جواب دیں کیوں ڈالر اوپر لے گئے کیوں معیشت تباہ کی، 70 سالوں میں جتنا قرضہ لیا گیا، عمران خان نے 4 سالوں میں اس سے زیادہ قرضہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں سی پیک روک دیا گیا، نااہلی کی وجہ سے عمران خان کے اتحادی اور ساتھی الگ ہوگئے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان پیرنی اور گوگی بچاؤ مہم چلارہے ہیں، ریاست مدینہ پر یقین رکھتے ہیں تو فرح گوگی کو رضاکارانہ طور پر پیش کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلیفورنیا میں پڑے فیصلے پر معافی مانگیں، بنی گالہ کا نقشہ غیرقانونی تھا، سابق وزیراعظم اس کاحساب دیں۔

رانا مشہود نے مزید کہا کہ ہمارے کارکنان کہتے ہیں کہ عمران خان کو جواب دیں، ہم کارکنان کو خانہ جنگی کی اجازت نہیں دے سکتے، ایک ہفتے میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) پر جو کہا گیا، وہ زبان خط سے زیادہ سخت تھی، عمران خان خط کے معاملے پر 25 دن خاموش کیوں رہے تھے۔

قومی خبریں سے مزید