وفاقی وزیرِاطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی اور آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لیے کل حتمی فیصلوں کا اعلان ہوگا، تمام فیصلوں کا اعلان اتحادی جماعتوں کی تائید و حمایت سے کیا جائے گا، کل ملک، عوام کو بحران سے نکالنے کے لیے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔
وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیرِصدارت پارٹی قیادت کے مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست آج ہوئی، جس میں موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پر قائد نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نواز شریف کو آگاہ کیا، حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کے اضافی مزید بوجھ سے بچانے کے لیے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
وزیرِاطلاعات نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بیان کی گئیں، اجلاس نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا، جبکہ اجلاس نے حکومت آنے کے بعد سے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراء پیش کیں، اجلاس نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور وخوض کیا، اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ آئین شکن عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے، آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی۔