• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حادثات میں اضافہ: کراچی میں ٹریفک خلاف ورزی پر چالان کا سلسلہ دوبارہ شروع

کراچی میں حادثات میں اضافے کے باعث ٹریفک خلاف ورزی پر چالان کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی پر چالان کرنے والے پولیس افسران کی تعداد بڑھادی گئی، اب کراچی کی شاہراہوں پر اے ایس آئی سے انسپکٹر تک 388 افسران چالان کرسکیں گے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ روڈ پر چلتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں چالان  کرنے والے افسران کا ٹارگٹ ہوں گی، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور آپریشن  کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

احمد نواز چیمہ کا کہنا ہے کہ چالان کرنے والے افسران کا انتخاب پولیس افسران کی کمیٹی نے کیا ہے، پولیس افسران کو ماضی کا ریکارڈ دیکھ کر اختیار دیا گیا۔

 ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز کا کہنا ہے کہ ماضی میں ٹریفک پولیس کے 1100 ملازمین کراچی کی شاہراہوں پر چالان کرتے تھے، کراچی پولیس چیف نے ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری کے لیے چالان کا اختیار 90 سیکشن افسران تک محدود کردیا تھا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ماضی میں ٹریفک پولیس اہلکار یومیہ 10 ہزار سے زائد چالان کرتے تھے۔

ذرائع ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پابندی کے بعد ٹریفک چالان کی یومیہ شرح کم ہوکر 800 تک آگئی تھی۔

احمد نواز چیمہ کا کہنا ہے کہ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے حادثات کے واقعات میں اضافہ سامنے آیا ہے، ٹارگٹ کی بنیاد پر چالان کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید