لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس حسن نواز کے دفتر میں آج دوبارہ شروع ہوگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنی کابینہ ارکان کے ساتھ اجلاس میں شریک ہیں، اجلاس میں ملکی معیشت اور سیاست سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
گذشتہ روز بھی نواز شریف کی زیرِصدارت پارٹی قیادت کے مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست ہوئی تھی، جس میں معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پر قائد نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نواز شریف کو آگاہ کیا، حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کے اضافی مزید بوجھ سے بچانے کے لیے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراء پیش کیں، اجلاس نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور وخوض کیا، اجلاس نے 3 اپریل سے اب تک آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ آئین شکن عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے، آئین شکن عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے مختلف تجاویز پر مشاورت ہوئی۔