• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹ بال ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی اگلے ماہ پاکستان پہنچے گی

اس سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی اگلے ماہ پاکستان کا رخ کرے گی۔

فیفا کے ترجمان نے جیو نیوز کو بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ٹور میں ٹرافی مجموعی طور پر51 ملکوں کا دورہ کرے گی، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔

ٹرافی 7 جون کو اسلام آباد لائی جائے گی، یہ مسلسل دوسرا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کا رخ کرے گی، اس سے قبل بھی 2018 میں یہ ٹرافی لاہور لائی گئی تھی۔

ٹرافی کے ہمراہ فرانس کے فٹبال ورلڈ کپ ونر کرسٹن کیرمبایو بھی پاکستان آئے تھے، جنہوں نے ٹرافی کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔

فیفا قوانین کے مطابق اس ٹرافی کو تھامنے کا حق یا تو ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑی یا فیفا صدر یا پھر سربراہان مملکت کو ہی ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ کے ٹرافی ٹور کا آغاز گزشتہ روز ہوا، جب دبئی میں ایکرکیسیاس اور کاکا نے ٹرافی کو عوام کے سامنے نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔

غور طلب بات یہ ہے کہ پاکستان میں جب پچھلی بار ٹرافی لائی گئی تھی، تو اس وقت بھی پاکستان کو فیفا سے معطل کیا گیا تھا اور اس بار بھی پاکستان فیفا سے معطل ہے، جس کی وجہ سے ایونٹ کے دوران پاکستان میں فٹبال کےلئے کام کرنے والی نارملائزیشن کمیٹی کی شرکت غیر یقینی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا اور ٹرافی ٹور کے اسپانسر ادارے کی جانب سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ہے جس میں مختلف کھیلوں سے وابستہ نامور شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید