• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ معاشی فیصلوں کی قیمت اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں، رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پٹرول، بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ اتحادیوں سے مل کر کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں الیکشن میں جانے کا کوئی خوف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے پنجاب میں کلین سوئپ کریں گے، مسلم لیگ ن معاشی فیصلوں کی قیمت اکیلے ادا کرنے کو تیار نہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے غلط شرائط پر معاہدہ کیا گیا، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بجائے کم کردی گئی، نااہل اور نالائق ٹولے نے ملک کی معیشت کا بھٹہ بٹھادیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نااہل ٹولے نے معیشت کا بیڑا غرق کیا ہے، یہ گند ڈال کر گئے ہیں، یہ گند سب مل کر صاف کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ اتحادیوں کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہے، معاشی بدحالی کی قیمت سب ادا کرنے کو تیار ہیں تو ہم بھی تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پوری صورتحال اپنی لیڈر شپ سے ڈسکس کی ہے، صورتحال اپنے اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے، فیصلہ تمام اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ہم فیصلہ کرلیں تو اتحادیوں کے پاس کیا لےکر جائیں گے؟ اتحادی کہیں گے کہ فیصلہ آپ نے کرلیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام صورتحال اتحادیوں کے سامنے ہے، سب کے علم میں ہے، ہمارا یہی فیصلہ ہے کہ سبسڈی ختم نہیں کی جاسکتی، اس کا گند ہمیں صاف کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کمزور نہیں ہیں، سبسڈی ختم کرنے سے مہنگائی آئے گی، عمران خان نے معاشی طور پر ملک تباہ کردیا ہے قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کیا ہم نے اکیلے کردیا ہے، سب کے ساتھ کے بغیر نااہل ٹولے کو نہیں ہٹا سکتے تھے، ہم کیوں نہ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری پر انحصار کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سارے فیصلے اتفاق رائے سے ہوئے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ مشکل فیصلہ ہم خود کرلیں، مشکل فیصلہ کرنا پڑا تو ضرور کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید