• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز میں خالد حمید فاروقی کے ایصال ثواب دعائیہ تقریب کا اہتمام

جیو نیوز کے یورپی یونین میں سینئر نمائندے اور ممتاز صحافی خالد حمید فاروقی کے ایصال ثواب کے لیے برسلز میں ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس تقریب کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو کے برسلز میں واقع دفتر میں کیا گیا تھا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، این جی اوز اور مرحوم کے دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔

بعد ازاں شرکائے محفل نے خالد حمید فاروقی کے ساتھ اپنے تعلقات اور ان کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نظریات کے حوالے سے ایک واضح سوچ کے حامل تھے، انسان دوستی اور عاجزی ان کا طرہ امتیاز تھا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بقا اور دوام ساری زندگی ان کا مطمع نظر رہا اور انہوں نے دوسروں کے سیاسی اختلافات کا خیال رکھتے ہوئے اپنے مؤقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

جن احباب نے ان کے ایصال ثواب کی محفل میں شرکت کی ان میں راؤ مستجاب احمد، کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، پریس کلب بیلجیئم کے صدر چوہدری عمران ثاقب، جنرل سیکٹری محمد ندیم بٹ، پیپلز پارٹی یورپ کے رہنما ملک محمد اجمل، سفارت خانہ پاکستان سے راحیل طارق، تحریک انصاف کے رہنما سلیم میمن، جے کے ایل ایف یورپ کے رہنما ظہیر زاہد، ورلڈ ڈائس پورہ الائنس کے چوہدری خالد جوشی، سماجی اور سیاسی شخصیت سردار صدیق خان، مسلم لیگ (ن) یوتھ کے رہنما شیخ ماجد، کونسلر عامر نعیم، پیپلز یوتھ کے رہنما شیراز بٹ، کشمیری رہنما شاہجہاں میر، دانشور اور صحافی شیراز راج، مزمل مان، فرید خان، فیصل رضوی، جاوید ملک، محمد ریاض اور دیگر افراد شامل تھے۔

علاوہ ازیں انٹرنیشنل پریس ایسوسی ایشن (اے پی آئی) نے بھی خالد حمید فاروقی کے لیے اپنے آفیشل پیج پر ایک اعلامیہ جاری کیا، جس میں ان کی صحافتی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید