• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ فیصلے کے بعد وفاق، پنجاب حکومتیں جواز کھو بیٹھیں، فواد چوہدری کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلےکے بعد وفاق اور پنجاب کی حکومتیں اپنا جواز کھو بیٹھی ہیں۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر فواد چوہدری نے ردعمل دیا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اسمبلی توڑنے کی درخواست کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب صدر مملکت شہباز شریف سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے تو وہ مطلوبہ 172 نمبر حاصل نہیں کرسکیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پاس 169 ارکان قومی اسمبلی حمایت حاصل ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اسی طرح حمزہ شہباز کے پاس بھی اعتماد کے ووٹ کے لیے پورے نمبر نہیں بچیں گے، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے انہیں 186 ارکان درکار ہیں، یوں یہ حکومت بھی ختم ہوگئی۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر پورے پاکستان کو مبارک باد دی اور یہ بھی کہا کہ کیوں نہ اب قومی اور صوبائی اسمبلی توڑ کر نئے انتخابات کی طرف بڑھا جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ کنفرم ہوگیا کہ منحرف ارکان نااہل ہیں، ووٹ بھی شمار نہیں ہوگا، تحریک عدم اعتماد سے پہلے فیصلہ آجاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔

قومی خبریں سے مزید