• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدارتی ریفرنس سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، شاہ محمود قریشی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے حوالے سے صدارتی ریفرنس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے مستقبل میں ضمیر فروشی کا راستہ بند ہوگیا۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے منحرف اراکین سے متعلق آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق ریفرنس پر سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ آگیا۔

اس فیصلے کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف ارکان تاحیات نااہلی سے بچ گئے لیکن اسمبلی کی موجودہ مدت میں ڈی سیٹ ہوگئے۔ 

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، نااہلی کی مدت کے تعین کا اختیار پارلیمنٹ کا ہے، پارلیمنٹ اس حوالے سے قانون سازی کرے۔

اسی سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کے بعد پنجاب حکومت کی کوئی وقعت باقی نہیں رہ گئی۔

سابق وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ فلور کراسنگ جیسی لعنت کے سہارے بیرونی سازش کے ذریعے اقتدار پر قابض امپورٹڈ وفاقی حکومت بھی فوری الیکشن کا اعلان کرے۔


قومی خبریں سے مزید