• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم طلباء کی شارٹ فلم نے بنگلور فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)شارٹ فلموں کے عالمی شہرت یافتہ رائٹر اور ڈائریکٹر جنید امام شیخ نے غریب مسلم خاندان کے 6 طلباءمیں موجود قابلیت کو دنیا کے سامنے لانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان چھ طلباءمیں تین لڑکے اور تین لڑکیاں شامل ہیں۔ دراصل مسلم طلباء کی شارٹ فلم نے بنگلور فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتا ہے۔ پونے کے رہنے والے جنید امام کی رہنمائی میں غریب بچوں نے ڈائریکشن کی ذمہ داری نبھائی ہے۔تعلیم کی اہمیت جیسے اہم موضوع پر مبنی یہ فلم ساتویں جماعت کے طلباء نے رائٹر اور ڈائریکٹر جنید امام شیخ کی مدد اور رہنمائی میں بنائی ہے۔ ان کم عمر ہدایت کاروں کا تعلق گجرات کے گاؤں ننداسن میں واقع ʼڈاکٹر ناکادار انسٹی ٹیوٹ آف نالج سے ہے، جس کے فاؤنڈر امریکہ میں مقیم تاجر اور قوم کے ہمدرد ڈاکٹر عبدالرحمٰن ناکادار ہیں۔جنید امام شیخ کے مطابق ʼجب میں بچوں سے ملا، تو میں نے محسوس کیا کہ ان کے پاس ایک آئیڈیا ہے اور اسے پیش کرنے کا ایک خاکہ بھی ہے، لہذا میں نے ان کی صلاحیتوں کو اسکرین کے توسط سے دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔ کہانی سے لے کر فلم کی تکمیل تک ہر قدم پر بچوں نے ساتھ دیا۔ ʼکلاس میٹ کا آئیڈیا صرف اور صرف بچوں کا اور بچوں کے لیے ہے۔ ان بچوں نے ہی اسکرپٹ تحریر کی اور فلم مکمل کی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ بنگلور فلم فیسٹیول میں اس شارٹ فلم نے ایوارڈ حاصل کیا۔ ڈاکٹر ناکادار انسٹی ٹیوٹ آف نالج کے پرنسپل دیوان عمران کا کہنا ہے کہ ہمارے ادارے کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ بچوں کو ان کی ہمہ گیر ترقی کے لیے صحیح ماحول میں پھلنے پھولنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

دل لگی سے مزید