• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مامے خان 75 ویں کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرنیوالے پہلے لوک فنکار

کانز(مانیٹرنگ ڈیسک) راجستھان کے لوک فنکار مامے خان نے تاریخ رقم کردی ہے۔ جیسلمیر ضلع سے تعلق رکھنے والے لوک فنکار مامے خان فرانس میں منعقد ہونے والے 75 ویں کانز فلم فیسٹیول میں بھارت کے لیے ریڈ کارپٹ پر واک کرنے والے پہلے لوک فنکار بن گئے ہیں۔ مامے خان کی اس کامیابی پر وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے انہیں مبارکباد پیش کی۔وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹویٹ کیا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ راجستھانی گلوکار مامے خان کانز فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر واک کرنے والے بھارت کے پہلے لوک فنکار بن گئے ہیں۔ یہ راجستھان کی لوک موسیقی کے لیے فخر کی بات ہے۔ گہلوت نے مامے خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مامے خان کئی بولی وڈ فلموں جیسے ʼلک بائی چانس، ʼنو ون کلڈ جیسیکا اور ʼسونچیریا کے لیے پلے بیک سنگنگ کرچکے ہیں۔ وہ امیت ترویدی کے ساتھ کوک اسٹوڈیو سے بھی وابستہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانز کے ریڈ کارپٹ پر ان کا لُک قابل دید تھا۔ وہ بہت دیسی انداز میں نظر آئے۔ ریڈ کارپٹ پر چلتے ہوئے وہ روایتی راجستھانی لباس میں ملبوس تھے۔ انہوں نے رنگین کڑھائی والا کوٹ اور گلابی رنگ کا کرتہ پہن رکھا تھا۔ انہوں نے سر پر راجستھانی ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔کئی بولی وڈ فلموں میں اپنی گلوکاری کے ذریعہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے مامے خان ایک بہترین فنکار ہیں، جو بدلتے وقت میں بھی راجستھانی فن کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ مامے خان نے راجستھان کے لوک کلچر اور لوک گیتوں کو امریکہ اور یورپ تک پہنچایا۔

دل لگی سے مزید