پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری سے متعلق کہا ہے کہ کسی کو مقدمے کا کوئی معلوم ہی نہیں ہے، مریم نواز مقدمے بناکر تحریک انصاف کو دبانا چاہتی ہیں۔
شیریں مزاری کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خاتون رہنما کو ان کی رہائش گاہ پر اغوا کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شیریں مزاری نے انسانی حقوق کے لیے قربانیاں دیں، مضحکہ خیز بات ہے کہ شیریں مزاری پر اینٹی کرپشن کیس بنائے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز مقدمے بناکر تحریک انصاف کو دبانا چاہتی ہیں، شیریں مزاری کو 11:30 بجے ہائی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس ذرائع کے مطابق شیریں مزاری چکری سے آگے آگئی ہیں، ذرائع کہہ رہے کہ شیریں مزاری اسلام آباد سے باہر گئی ہی نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے شیریں مزاری کو رہا کیا جائے گا اور انصاف دیا جائے گا، کسی کو مقدمے کا کوئی معلوم ہی نہیں ہے۔