کراچی(مانیٹرنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری قابل مذمت اور سیاسی جبر کی بدترین شکل ہے،گفت و شنید کے راستے تلاش کریں، ایسے ہتھکنڈوں سے ملک و سیاست کو نقصان ہوگا ۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ سر زمین پاکستان میں حالات کبھی بدلتے نظر نہیں آتے ، شیریں مزاری میری پڑوسی اور قریبی دوست ہیں، اپوزیشن جماعتیں جو آج حکومت میں ہیں وہ خود ایسے ہتھکنڈوں کا سامنا کر چکی ہیں، ہمارے خلاف بھی مقدمات اور گرفتاریاں ہوتی تھیں۔