وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عوام کے جان و مال لے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
لاہور میں حمزہ شہباز کی زیر صدارت امن عامہ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، آئی جی پولیس نے انہیں بریفنگ دی۔
اجلاس میں عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، خواجہ عمران نذیر، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، عطا تارڑ، ذیشان رفیق، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب کو شاد باغ سے اغوا ہونے والی طالبہ کی بازیابی سے متعلق بریف کیا۔
اس موقع پر حمزہ شہباز نے صوبے میں امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ذمے دری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل اور پولیس کی محنت سے مغوی طالبہ کی بحفاظت گھر واپسی ممکن ہوئی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پولیس نے اغوا کرنے والے ملزمان بھی بروقت گرفتار کیے، جو سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بیٹی کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کڑی سزا کے حقدار ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چیچہ وطنی میں دوہرے قتل کے ملزمان 48 گھنٹے میں پکڑے جائیں، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مقدمات کو ٹیسٹ کیس بناکر ملزمان کو سخت سزا دلائی جائے۔