سابقہ وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ لوگ بیرونی سازش اور چوروں کی واپسی پر برہم ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شیریں مزاری نے کہا کہ خان صاحب نے واضح کردیا کہ ہینڈلرز اس حکومت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دراصل مریم نواز کو عمران خان فوبیا ہوگیا ہے، پوچھتی ہوں اس حکومت نے اب تک کونسی پالیسی بنائی ہے؟
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کل ہمارا آزادی مارچ ہوگا، اس حوالے سے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تحریک انصاف کا دھرنا، احتجاج ہمیشہ پرامن رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کل پی ٹی آئی کی فیملیز ہمارے دھرنے میں آئیں گی، لوگ اب نکلیں گے، کنٹینرز کسی کے کام نہیں آئیں گے۔
شیریں مزاری نے یہ بھی کہا کہ پنجاب پولیس نے سینیٹر ولید اقبال کے گھر کا گیٹ توڑ دیا ہے۔