• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد حکومتی و پی ٹی آئی کمیٹی کے مذاکرات کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جلسہ گاہ کی جگہ سے متعلق حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم چیف کمشنر آفس نہ پہنچی، پی ٹی آئی ٹیم بغیر مذکرات کے واپس چلی گئی، اے ڈی سی جی رانا وقاص نے  بابر اعوان کو ڈی سی آفس کے  اندر آنے کی بار بار  پیشکش کی، تاہم بابر اعوان اور فیصل چوہدری بغیر مذاکرات کے ڈی سی آفس سے روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی ٹیم نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروائیں گے، یہاں پر نہ انتظامیہ کے افسران موجود ہیں نہ حکومتی کمیٹی کے ارکان موجود ہیں۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے چار رکنی کمیٹی بنائی تھی، تحریک انصاف کے دو ارکان تو یہاں موجود ہیں، حکومتی ارکان اس وقت گمشدہ افراد میں شامل ہیں۔

دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے رکن ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دس بجے کا وقت تھا، راستے بند تھے، ہم 25 منٹ تاخیر سے پہنچے، ہم چیف کمشنر صاحب سے رابطے میں تھے، ہم احتجاجاً یہاں سے جارہے ہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہم عدلیہ کے حکم پر یہاں اکٹھے ہوئے تھے،  ہم نے بھی کوشش کی ہے، وکیل صاحب نے فون سننے سے انکار کردیا ہے، ہم لوگ یہاں بیٹھیں گے اور بات کرکے جائیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی پٹیشن پر فیصلہ کیا، سپریم کورٹ نے آج رات دس بجے مذاکرات کی ہدایت کی، مذاکرات کا مقصد جلسے کے لیے منتخب جگہ اور قواعد و ضوابط طےکرنا تھا۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے عدالتی حکم پر رکاوٹیں ہٹائیں لیکن شہر میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ہم لوگ منسٹر کالونی مارگلہ روڈ پرمشکلات کا سامنا کرتے ہوئے یہاں پہنچے، بابر اعوان نے دیکھا کہ 15 منٹ گزرچکے ہیں تو کہا ہم احتجاجاً جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کا یہاں مزید انتظار کریں گے، چیف کمشنر بھی کال کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کی ٹیم نہیں آرہی،  بابر اعوان کو کہوں گا انارکی نہ پھیلائیں اور آئیں بات کریں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ چند لوگ ڈی چوک تک پہنچے ہیں، جنہوں نے گرین بیلٹ کو آگ لگائی،  عمران خان نے صوابی سے چلتے ہوئے بار بار کہا کہ ہم ڈی چوک جائیں گے، عمران خان نے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑا دیں، ڈی چوک پہنچنے کا کہا۔

 رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان جو چاہتے ہیں، وہ ہم جانتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید