پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پولیس اہلکار کی موت کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف مقدمہ درج کروانا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اندازہ ہے شہید کانسٹیبل کے گھر والوں پر کیا قیامت ٹوٹی ہے، شہید کا بڑا بیٹا 11 سال کا ہے، اس خون ناحق کا ذمہ دار عمران خان ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے قوم کو ادراک ہے کہ یہ انقلاب نہیں انتشار تھا، آزادی دلانا ہے تو اپنے بچوں کو لندن سے واپس بلا لیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان پورے پاکستان سے 20 ہزار افراد بھی جمع نہیں کرسکے، انقلاب آگیا بندے نہیں آئے، آپ کے پاس آج بھی اپنی کار کردگی کا جواب نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ لوگ آپ کی سازش اور جعلی انقلاب کو پہچان گئے ہیں، لوگوں نے آپ کے جعلی انقلاب کو پہچان کر آپ کو پشاور واپس بھیج دیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انہوں نے دارالحکومت میں آگ لگائی، یہ ریمارکس سن کر افسوس ہوا کہ عمران خان تک صحیح پیغام نہیں پہنچا، کیا عدالت میں عمران خان کا وکیل موجود نہیں تھا؟
مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کو یاد دہانی کروانا چاہتی ہوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات موجود ہیں کہ مارچ خونی ہوگا، پی ٹی آئی کا ایم این اے جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے رہا تھا، کسی قیادت کے بغیر یہ سب کچھ نہیں ہوا، سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے بچوں کی تعلیم و صحت کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی، مذہب کا یوں استعمال گناہ ہے، مذہب کے نام پر لوگوں کو ورغلانے کے لیے آپ ایسے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مذہب کو دہشتگرد اتنا نقصان نہیں پہنچاتے، جتنا مذہب کا لبادہ اوڑھنے والے پہنچاتے ہیں، مذہب کا ایسا استعمال بہت بڑا گناہ ہے، عمران خان کو شرم آنی چاہیے، ریاست مدینہ کا دعویدار خواتین پر جملے کستا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کل پولیس اہلکار زخمی ہوئے، املاک کو نقصان پہنچا،اس سب کے ذمہ دار کو کیفر کردار تک پہچانا چاہیے، قوم نے ان کو ایبسولوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، کسی نے ان کی کال پر کان نہیں دھرا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رکن کے گھر سے اسلحہ نکلنے پر مقدمہ درج ہونا چاہیے، قوم نے انہیں ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، بے شرمی سے خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال کیے گئے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کل پی ٹی آئی کی خاتون پولیس والے کو گالیاں دے رہی تھی، پولیس اہلکار زمین پر نظر رکھ کر چپ چلتا رہا، ایسے بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں تو ملک ڈیفالٹ کرسکتا ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کیے تو انہوں نے ہمیں اتنا بڑا پرچہ پکڑوا دیا، یہ وہ معاہدہ ہےجو عمران خان آئی ایم ایف سے کرکے چلا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ معاہدے کی وجہ سے اگر آج پیٹرولیم قیمتیں نہیں بڑھائیں تو ملک ڈیفالٹ کر سکتا ہے، ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے کا نام عمران خان ہے۔