• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ہاکس بے کے ہٹ میں قتل کرکے چھپائی گئی لڑکی کی لاش برآمد

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں ہاکس بے پر ساحل سمندر کے ہٹ میں چھ ماہ قبل قتل کی گئی لڑکی کی لاش پولیس نے برآمد کر لی ہے۔ 

سپریٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن عمران قریشی کے مطابق چھ ماہ قبل ہاکس بے پر لڑکی کے قتل اور دفنانے کا انکشاف ایک مقدمے کی تفتیش کے دوران سامنے آیا۔ 

عمران قریشی کے مطابق ڈسٹرکٹ کیماڑی شعبہ تفتیش نے ہٹ کے مالک اور ملازم کو گرفتار کرلیا۔ 

ہٹ کے مالک ولی محمد اور ملازم ولی شاہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ چھ ماہ قبل ایک لڑکا اور لڑکی ہٹ پر آئے تھے۔ اس دوران دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا لڑکے نے لڑکی پر تشدد کیا اور گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ 

پولیس کے مطابق مالک جب اپنے ہٹ پر پہنچا تو ہٹ میں لڑکی کی لاش پڑی تھی۔ ہٹ کے مالک نے پولیس کو اطلاع دینے کی بجائے معاملہ چھپانے کے لیے لڑکی کی لاش کو آگ لگادی۔ لاش جلانے کے بعد باقیات کو زمین میں دفنا دیا۔ 

پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر دفن لاش کی باقیات نکال لی ہیں، ڈی این اے کی مدد سے شناخت کا عمل کیا جائے گا۔

تمام تھانوں سے لاپتا لڑکیوں کے حوالے سے کراچی بھر کے پولیس شکایت مراکز سے تفصیلات حاصل کرنے کے لیے خط لکھ دیا گیا ہے۔ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید