اسلام آ باد (پی پی آ ئی)وفاقی وزیر خورشید شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔خط میں خورشید شاہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمریوں کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کر دیا اور کہا کہ محکموں کیطرف سے بھیجی جانیوالی سمریاں کابینہ ایجنڈے میں شامل کی جائیں،خط کے متن کے مطابق سرکولیشن کے ذریعے کابینہ سے منظوری لینا تحریک انصاف کی پالیسی تھی۔خط میں لکھا گیا کہ تحریک انصاف وزارتوں کی سمری پر سیر حاصل گفتگو سے اجتناب کرتی تھی، موجودہ حکومت کو اس روش کو ترک کرنا چاہیے۔ خورشید شاہ نے خط میں لکھا کہ پچھلے ایک ماہ میں کابینہ کے اجلاسوں میں زیر بحث آنے والے معاملات کو سمریوں کی سرکولیشن کے ذریعے منظورکیا جا رہا ہے، اس طرح کی منظوریوں سے اچھا تاثر پیدا نہیں ہوتا۔خط میں مزید لکھا گیا کہ منظوری سے قبل مسائل کے فوائد اور نقصانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہو سکے، آئندہ محکموں کی طرف سے بھیجی جانے والی سمریاں کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔