پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی گفتگو کو بانی متحدہ سے مماثل قرار دیدیا۔
اسلام آباد میں حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کی پریس کانفرنس کو اگر آنکھ بند کرکے سنیں تو لگے گا کہ بانی ایم کیو ایم بول رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللّٰہ کی پریس کانفرنس ایسے ہی ہے، جیسے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہمارے دور حکومت میں اسلام آباد میں جتنے بھی مظاہرے ہوئے ہم نے ان کو سہولت فراہم کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم تشدد کی تمام ویڈیوز جمع کر رہے ہیں، جنہیں اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھیجیں گے تاکہ وہ بھی توجہ دیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے استفسار کیا کہ اگر آپ کے پاس پیسے نہیں ہیں تو اتنے خرچے کہاں سے کیے جا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اس وقت تماش بین بنے ہوئے ہیں، یہ لوگ پیسے اپنے دل پسند معاملات پر خرچ کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کی مرضی سے ایک وفد اسرائیل جاتا ہے، لگ رہا ہے تل ابیب اور واشنگٹن کا نیکسس بھارت کے ذریعے موجودہ حکومت کے قریب ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس کو خط لکھا ہے، پوچھ رہے ہیں کہ اس پر کمیشن کیوں نہیں بن رہا؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کے متعلق معلوم نہیں کیوں تحقیقات کرانے پر تیار نہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ ہم اس پارلیمان کو مقبوضہ اسمبلی سمجھتے ہیں، ہمارا اس اسمبلی میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ لوٹا ایسوسی ایشن کے چیئرمین راجا ریاض کو جعلی اپوزیشن لیڈر بنا دیا گیا، شفاف الیکشن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ موجودہ چیف الیکشن کمشنر ہیں۔
دوران پریس کانفرنس حماد اظہر نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے نہتے بچوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ بجلی کا شارٹ فال 10 سال بعد ساڑھے 7ہزار پر پہنچ چکا ہے، حبکو، پیر لال کے پاور پلانٹس بند پڑے ہیں۔