کراچی (نیوز ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن و صوبائی وزیر عذرا پیچوہو کے شوہر فضل اللّٰہ پیچوہو کی گاڑی سے قیمتی سامان اور موبائل فون لوٹ لیے گئے۔ بعض میڈیا پر ان کی ویگو گاڑی چھیننے کی خبروں کو پولیس نے غلط قرار دے دیا ہے۔ کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کے ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق سابق سیکریٹری صحت فضل اللّٰہ پیچوہو کی ویگو گاڑی نہیں چھینی گئی بلکہ گاڑی میں موجود سامان چار مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان لوٹ کر فرار ہوئے۔ سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق فضل اللّٰہ پیچوہو کے ڈرائیور عبدالمنان سموں نے بہادرآباد تھانے میں ایف آئی آر نمبر 22/177 درج کرائی ہے کہ وہ شاہراہ فیصل پر ایئرپورٹ کی طرف جا رہے تھے کہ اُنہیں علی حیدر کا فون آیا کے ان کے صاحب کا موبائل فون گاڑی میں رہ گیا ہے۔ عبدالمنان کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ گاڑی روک رہے ہیں جس پر اس نے بلوچ کالونی پل عبور کرکے شارع فیصل پر ایم سی بی بینک کے قریب ویگو گاڑی نمبر بی جی 9898 روک دیں اور انتظار کرنے لگے۔ ایف آئی آر کے مطابق اس دوران دو 125 موٹر سائیکل پر 4 مسلح ملزمان آئے جنہوں نے اسے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر موبائل فونز، گاڑی میں موجود دو بریف کیس، جن میں لیپ ٹاپ اور دوسرے میں چیک بکس، چار اسلحہ لائسنس، تین گاڑیوں کے اوریجنل کاغذات اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ایسٹ پولیس کا شعبہ انویسٹی گیشن واردات کے سلسلے میں تفتیش کر رہا ہے تاہم ایس ایس پی ایس آئی یو عارف عزیز کے مطابق انہیں بھی اس سلسلے میں ذمہ داری سونپی گئی ہے۔