وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی دھمکیوں میں نہیں آؤں گا، شیخ رشید ایسا زمین دوز ہوا کہ ہم اسے دو دن تلاش کرتے رہے، مقدمہ میں اپنی بے گناہی اور موقف پیش کروں گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ یہ پرامن اور جمہوری احتجاج کرنا نہیں چاہتے، یہ حکومت کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں، دارالحکومت پر چڑھائی کرنا کہاں کا پر امن احتجاج ہے؟
راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عمران خان کو آگاہ کیا گیا، عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہا، لوگوں کو کہا گھروں سے نکلو، اب کوئی نہیں روکے گا، ایک گھنٹے بعد عمران خان نے کہا ڈی چوک پر میرا انتظار ہورہا ہے، ایک گھنٹے میں وہاں پہنچوں گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دو ڈھائی ہزار لوگ کے پی کے سے لا کر یہاں رکھے ہوئے تھے، فسادی پہلے سے موجود تھے، اس لیے فیملیز نہیں آئیں، ہم نے شیلنگ کر کے ان لوگوں کو ایک طرف دھکیل دیا، عمران خان یہ دیکھ کر نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا فسادی مارچ ایچ نائن پہنچا تو انہیں کسی جگہ نہیں روکا گیا، اٹک سے چلے ہیں تو کسی جگہ بھی شیلنگ ہوئی ہو تو سامنے آنا چاہیے، سپریم کورٹ نے جو حکم دیا تھا اس سے آگے بڑھنا تو خلاف ورزی تھا، ڈی چوک پر جمع ہونے کا مقصد ریڈ زون کو بریک کرنا تھا۔
رانا ثناء نے کہا کہ ہم بتائیں گے پارلیمنٹ لاجز، کے پی کے ہاؤس میں کتنے لوگ تھے، یہ لوگ اٹک سے چند کلو میٹر آگے تھے تو پھر یہاں لوگ کیسے پہنچ گئے۔