• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتاح اسماعیل اعتراف کررہے ہیں ہم غلام حکومت ہیں، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل اعتراف کر رہے ہیں ہم غلام حکومت ہیں۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرے سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو کل دیکھا، وہ غلامی کی تصویر نظر آرہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے کل بجلی کی قیمت بڑھائی اور ایک ہفتے میں پیٹرولیم منصوعات پر 60 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ایک ہفتے سے قوم دیکھ رہی کہ غیر فطری حکومت بنی ہوئی ہے، عوام کو ایک ہفتے میں ہی پتہ چل گیا کہ ان کا اصل مسئلہ کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول 209 روپے کا کر دیا ہے جبکہ عمران خان مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے کوشش کر رہے تھے۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان روس گئے، وہاں صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی اور باقاعدہ مذاکرات کیے، اسی روس سے بھارت، سری لنکا اور یورپی ممالک سستا تیل خرید رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کہتا ہے کہ روس تیل دینے کے لیے ہمارے پاس آئے، کیا کوئی بھکاری کے دروازے پر بھیک دینے آتا ہے؟

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ بے شرم ہیں، شیم شیم کے نعرے ان کے لیے ہوتے، جن کی رتی برابر بھی عزت ہو، مفتاح اسماعیل اعتراف کر رہا تھا کہ ہم غلام حکومت ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کیا ایٹمی ملک کو غلام بنانے کی کوئی کوشش کر سکتا ہے، ان کے اثاثے اربوں ڈالرز میں باہر پڑے ہوئے ہیں، یہ لوگ کیسے آزادی کے فیصلے کر سکتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہوچکی ہے، ملک میں سری لنکا جیسے حالات کا خطرہ پیدا ہورہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام نئے الیکشن کی تیاری کریں، یہ ملک جلد الیکشن کی طرف جا رہا ہے، عمران خان نے ممبر سازی کی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ شہر میں گھوڑا اور گدھا چلانے کے لیے پرمٹ جاری کرے، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام میں ہاتھ والے پنکھے بانٹے جائیں۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عوام اور سیکیورٹی ادارے آمنے سامنے کھڑے ہوں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید