لاہور (نمائندہ جنگ)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مستعفی ہو کر صرف اپنی صحت پر توجہ دیں۔ پاکستان خطرات میں گھِرا ہو ا ہے اور وزارتِ خارجہ سو رہی ہے۔وزیر اعظم کے اختیارات اسحاق ڈار کو دینا غیر آئینی ہے۔خطے میں پاکستان کے خلاف چار قوتیں صف آراء ہیں۔ امریکہ ، بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا بوجھ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے لاہور میں علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے رمضان شروع ہونے سے پہلے مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔بھارت اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔وقت آگیاہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ذلت اور محکومی کا باب ختم کر دیا جائے۔بھارت ہر طرح سے ہماری سلامتی اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے۔