پاکستان کے تمام سیاست دانوں سے اچھے تعلقات رکھنے والے چوٹی کے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کی بیٹی کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔
ترجمان پنجاب حکومت عطا تارڑ میڈیا کے سامنے ملک ریاض اور ان کی بیٹی امبر کی مبینہ آڈیو سامنے لے آئے۔
مبینہ آڈیو میں ملک ریاض کی بیٹی اپنے والد کو بتارہی ہیں کہ فرح (خان) کا فون آیا تھا، خاتون اول نے ہیرے کی 3 کیرٹ کی انگوٹھی قبول کرنے سے منع کردیا ہے۔
آڈیو میں امبر نے والد سے کہا کہ ’فرح کہتی ہے، جو چیز دی گئی ہے، وہ مجھے اچھی نہیں لگی، یہ تو اُن کے لیے عام چیز ہے، یہ واپس منگوالیں۔‘
اس پر مبینہ آڈیو میں ملک ریاض اپنی صاحبزادی سے کہتے ہیں ’جو کہتی ہیں وہ لے دو‘، اس پر امبر نے کہا ’میں نے کہا پھر 5 کیرٹ کی لے دیتی ہوں، ابو وہ ایک کروڑ کا آئے گا۔‘
آڈیو میں امبر فرح کا نام لیے بغیر کہتی ہیں کہ ’ہفتے کو اس کی ملاقات ہے، انگوٹھی اس سے پہلے ارینج کرلیں‘۔
اس پر ملک ریاض اپنی بیٹی سے کہتے ہیں ’تم انگوٹھی منگوالو‘، اس پر امبر کہتی ہیں ’میں کہہ دیتی ہوں، کل وہ آجائے گی‘۔
اسی آڈیو ٹیپ میں امبر اپنے والد ملک ریاض کو بتاتی ہیں کہ ’صبح آپ کی سائٹ کے تالے کھل جائیں گے‘۔
مبینہ آڈیو میں فرح کا نام لیے بغیر یہ بھی بتایا کہ ’اس نے کہا ہے کہ خان صاحب کا فون آیا تھا، انہوں نے کہا کہ جو رپورٹ جمع کروائی ہے، وہ میری گارنٹی ہے، وہ میں ختم کراؤں گا اور شہزاد اکبر کا لیٹر بھی آپ کو کل مل جائے گا۔‘