وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا انٹرویو پڑھ کر سنا دیا۔
ایوان میں خطاب کے دوران سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کا انٹرویو پڑھ کر سنانا چاہتا ہوں، پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ اور ایٹمی پروگرام خطرے میں پڑ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار سے نکلنے کے بعد بوکھلا گیا ہے، اُس نے پاکستان کے 3 ٹکرے ہوجانے کی بات کردی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس مسئلے پر ایوان میں قرار داد لانا چاہتا ہوں، اس پر اپوزیشن سے بھی دستخط کراؤں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین یہودیوں کی الیکشن مہم چلاتے رہے ہیں، انہوں نے میئر لندن کے لیے ایک یہودی کے حق میں مہم چلائی۔
سردار ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ٹوٹنے کے کچھ نقشے بھی چلتے رہے ہیں، پوچھنا تھا کہ کیا ان کے پیچھے یہی تو نہیں تھے؟
انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام پر کوئی برا وقت آیا تو پوری قوم حفاظت کے لیے کھڑی ہوجائے گی، عمران خان فوج کو تب ہی درست سمجھتے ہیں جب اقتدار میں رہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جو عمران خان کے خلاف قرارداد پر دستخط نہیں کرے گا، وہ پی ٹی آئی چیئرمین کے موقف کو درست سمجھتا ہے۔