• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے 306 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے آخری اوورز میں خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ کپتان بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 17ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے 103 رنز بنائے۔

پاکستان کے بیٹر امام الحق نے 65، محمد رضوان 59، خوشدل شاہ نے 41، فخر زمان 11، محمد نواز 8 اور شاداب خان نے 6 رنز بنائے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان نکولس پوران نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 305 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بلے باز شائے ہوپ نے 127رنز کی یادگار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

مہمان ٹیم کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں شَمارا بروکس نے 70 رنز بنائے جبکہ کپتان نکولس پوران کے 21، روماریو شیفرڈ کے 25 اور رومین پاول کے 32 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 77 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی۔  

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔ 

ویسٹ انڈیز ٹیم میں کپتان نکولس پوران، شائے ہوپ، کائل مائیر، شَمارا بروکس، برینڈن کنگ، رومین پاول، روماریو شیفرڈ، الزاری جوزف، عقیل حسین، جیڈن سیلز اور ہیڈن واش شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید