• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر لیاقت کے دوست نے موت سے قبل جنریٹر میں آگ لگنے کی تردید کردی

معروف ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے دوست فہد خان نے ان کی موت سے قبل جنریٹر میں آگ لگنے کی خبر کی تردید کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت کے دوست فہد خان نے کہا کہ رات کو وہ عامر لیاقت کے ساتھ تھے، ان کی طبعیت خراب تھی جنریٹر کا مسئلہ تھا۔

فہد خان نے مزید کہا کہ عامر لیاقت پریشان بھی تھے، تاہم جنریٹر میں آگ لگنے کی خبر درست نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عامر لیاقت کے ملازم ممتاز کا کہنا تھا کہ گھر میں اچانک جنریٹر کا دھواں بھرا تو میری سانس بند ہوئی، ڈرائیور جاوید کی آواز آئی کہ عامر لیاقت کی طبعیت خراب ہو رہی ہے۔

ملازم ممتاز نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ میں ڈرائیور جاوید اور عامر لیاقت گھر میں موجود تھے، 2 گھنٹے سے بجلی بند تھی، جنریٹر چل رہا تھا۔

ممتاز نے اپنے بیان میں بتایا کہ اچانک جنریٹر کا دھواں بھرا تو میری سانس بند ہوئی، میں گھر کا مرکزی دروازہ کھول کر باہر آیا، پھر ڈرائیور جاوید کی آواز آئی کہ عامر لیاقت کی طبعیت خراب ہو رہی ہے۔

ملازم ممتاز کے مطابق ڈرائیور جاوید کے ساتھ مل کر میں نے عامر لیاقت کے کمرے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی جس کے بعد ہم کمرے میں داخل ہوئے تو عامر لیاقت صوفے پر بے ہوش پڑے تھے۔

ممتاز نے بتایا کہ ہم نے عامر لیاقت کی حالت دیکھ کر پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی۔

ملازم ممتاز کے مطابق ہم نے جنریٹر ایک ہفتہ قبل ہی خریدا تھا، لیکن کچھ دنوں سےخراب چل رہا تھا۔

ملازم نے مزید بتایا کہ عامر لیاقت کو آج اسلام آباد روانہ ہونا تھا۔

قومی خبریں سے مزید