وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اس وقت قرضوں کی ادائیگی بن چکا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 36 سو ارب روپے قرضوں پر سود ادا کرنے میں صرف ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفاع کا خرچ 1400 ارب اور ترقیاتی بجٹ صرف 700 ارب ہے.
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سول حکومت چلانے کا خرچہ تو صرف 550 ارب روپے ہے۔ اس میں کتنی کٹوتی کرلی جائے گی؟
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ٹیکس وصولیاں دو ہزار ارب روپے سے دُگنی کرکے چار ہزار ارب روپے سے زیادہ کرلی تھیں، پی ٹی آئی اپنے دور میں ٹیکس وصولی دُگنی نہ کرسکی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے تو تعلیم اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک سال کے بعد پاکستان ایسا نہیں ہوگا، پاکستان کے حالات بہت بہتر ہوں گے۔