ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں عسکری قیادت موجود تھی، شرکا کو بتایا گیا کہ نہ کسی قسم کی سازش ہوئی نہ ایسے کوئی شواہد ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شرکا کو مفصل انداز میں بتایا گیا کہ کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کچھ عرصے سے افواج اور عسکری قیادت کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 2020 سے پاکستانی فوج نے اپنے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا، فوج نے سو ارب روپے بجٹ کم لیا ہے، یوٹیلیٹی بلز کی مد میں اخراجات محدود کیے ہیں۔
’پاک چین تعلقات خطے میں امن کے لیے اہم ہیں‘
آرمی چیف کے دورہ چین پر بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ دورہ بہت اہم تھا، آرمی چیف نے چینی صدر سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات بہت اسٹریٹجک نوعیت کے ہیں، پاک چین تعلقات خطے میں امن کے لیے اہم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی سیکیورٹی میں کوئی کمی نہیں آنے دی، سی پیک کی سیکیورٹی خصوصی طور پر پاک فوج کو دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی پر 24 گھنٹے کام کیا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
’پاک فوج نے 100 ارب روپے کم بجٹ لیا ہے‘
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جب بھی ہر سال بجٹ پیش ہوتا ہے تو دفاعی بجٹ پر بحث ہوتی ہے، دفاعی بجٹ تھریٹ پرسیپشن، چیلنجز، تعیناتی کی نوعیت، وسائل کو دیکھتے ہوئے رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا بڑھتا ہوا دفاعی بجٹ اپنے سامنے رکھ لیں۔ 2020 سے پاک فوج نے اپنے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا، مہنگائی کی شرح سے دیکھیں تو دفاعی بجٹ کم کیا گیا۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ مسلح افواج کا بجٹ جی ڈی پی کی شرح کے لحاظ سے مسلسل نیچے جا رہا ہے، پاک فوج نے 100 ارب روپے کم بجٹ لیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے یوٹیلیٹی بلز کی مد میں اخراجات کو محدود کیا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے لیے غیرضروری نقل و حرکت کم کردی گئی ہے جبکہ کانفرنسز آن لائن کردی گئی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پچھلے سال کورونا کی مد میں ملنے والے 6 ارب حکومت پاکستان کو واپس کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فوجی فاؤنڈیشن سے سالانہ 20 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہو رہے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے کچھ عرصے سے افواج اور عسکری قیادت کیخلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
فیٹف کے حالیہ سیشن پر تبصرے سے گریز
ترجمان پاک فوج نے انٹرویو کے دوران کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حالیہ سیشن پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے لابنگ کی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کیا جائے۔