• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مونس کیخلاف منی لانڈرنگ کیس عمران خان کا گفٹ ہے، رانا ثنا اللّٰہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مونس الہیٰ مقدمے پر ناراضگی کا اظہار نہ کریں، یہ عمران خان کا گفٹ ہے، جو شوگر انکوائری کے نتیجے میں سامنے آیا۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں مونس الہیٰ کی گرفتاری کا فیصلہ ہوا تھا، یہ انکوائری ان کے دور میں مکمل ہوئی تھی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلی حکومت میں تیار فائل پر کارروائی شروع کی، یہ ساری انکوائری عمران خان نے ان کے خلاف مکمل کروا کر فائل رکھی ہوئی تھی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اس وقت مونس الہیٰ کی گرفتاری کا بھی فیصلہ ہوا تھا، مونس الہٰی نے یہ بات پرویز الہیٰ کی موجودگی میں خود بتائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مونس الہیٰ کو نوٹس جاری کریں گے، اگر یہ پیسہ ان کا ہے تو ثابت کریں، انہیں نوٹس نہیں ملا تو موصول ہوجائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مونس الہیٰ نے ایک نجی کمپنی بنائی، جس نے سارے شیئر خریدے، انہیں باعزت طریقے سے بیٹھا کر کاغذات دکھائے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کیس میں 2 افراد نواز بھٹی اور مظہر کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ غیر قانونی طریقے سے حاصل کیا گیا پیسہ ہے۔

مونس کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی اے لاہور نے مونس الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے۔

مونس الہیٰ کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اُن کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز 2 سال قبل ہوا۔

قومی خبریں سے مزید