راولپنڈی(این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے پاس مشرف کی واپسی کی حمایت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں‘ تحریک عدم اعتماد کی عالمی سازش کی شروعات بھی لندن سے ہوئی ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ فوج اوراس کی قیادت نے مشرف کو پاکستان واپس بلا کردرست اورجرات مندانہ فیصلہ کیا۔نوازشریف نے تمام آرمی چیفس کے خلاف لڑائی لڑی‘سیاسی بحران پیدا کیا اور مطلب پڑنے پر ان کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے ، اب نواز شریف کو پاکستان آنے سے کس نے روکا ہے۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا ایجنڈا اپنے کیسز ختم کرنا اور آئی ایم ایف کی مہنگائی مسلط کرنا ہے۔پنجاب میں آئین کے برخلاف دو اجلاس ہو رہے ہیں جس کی پاکستان اور دنیا میں کوئی مثال نہیں۔