راولپنڈی(این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اعلامیہ میں مجھے گھیسٹ کرمعاملے کو دوبارہ زندہ کررہے ہیں‘آصف زرداری غیر ملکی ایجنڈے پر لنگڑی لولی قومی اسمبلی سے خوفناک کام لینے والے ہیں۔شیخ رشید نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ (ن )کی جگہ ش کو لانا ماسٹر پلان تھا،ن لیگ صرف ٹی وی شو کے لیے ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر میٹنگ کے منٹس ہوتے ہیں اور اس کی پریس ریلیز سب کی منظوری سے جاری ہوتی ہے۔حالات کی سنگینی پر میں عنقریب سپریم کورٹ جا سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکو راج نے پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر اورڈیزل کی قیمت میں 60 روپے فی لیٹر اضافہ کرکے غریب کو دو ہفتوں میں تیسرا ٹیکہ لگایا ہے، حکومت اپنے کیسز ختم اور مخالفین پر دہشت گردی کے جھوٹے کیسز بنا رہی ہے۔ساری قوم کی نظریں اب سپریم کورٹ کی طرف ہیں،اگر فیصلہ سڑکوں پر ہونا ہے تو فیصلہ 45 دنوں میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ شیخ رشید نے کہاکہ امپورٹڈاور چور دروازے کی اسمبلی میں بجٹ پر تقریر کرنے والا کوئی نہیں۔پنجاب اسمبلی میں منحرف اراکین غیر آئینی بجٹ پاس کر رہے ہیں۔ غیر آئینی فیصلے،معیشت کی تباہی پر ملک عنقریب بہت بڑے فیصلے کا منتظر ہے۔