اسلام آباد (اے پی پی)گوادر میں سماجی و اقتصادی منصوبہ جات کیلئے چین کی جانب سے 5 ارب یوآن کی گرانٹس فراہم کی گئی ہے ۔ چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے کاروباری و سماجی ذمہ داریوں (سی ایس آرز) کی ادائیگی کے تحت گزشتہ سات سال کے دوران گوادر اور اس سے ملحقہ علاقوں کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے مختلف منصوبوں کیلئے 5 ارب یوآن سے زیادہ کی گرانٹس فراہم کی ہیں۔ ان منصوبہ جات میں نئے گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر، ایسٹ بے ایکسپریس وے، 300بستروں کے چائنا پاکستان فرینڈشپ اسپتال، فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں، سکولز، ماں اور بچہ کی صحت کی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی کے کئی منصوبے شامل ہیں۔