کوئٹہ(سٹی ڈیسک)آل بلوچستان گڈز ٹرک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر نور احمد کاکڑ مرکزی عہدیداران حاجی سید عزیز اللہ علائو الدین خان حاجی عبدالباری پرکانی راز محمد کاکڑ و دیگر ٹرانسپورٹروں نے چمن شاہراہ کے تیسرے روز بھی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی ایسا دن نہیں ہوتاجس میں کوئی نہ کوئی شاہراہ عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے احتجاجاً بند نہ کی ہو حکومت کی کمزورانتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے عوام نے اپنے احتجاج کو ریکارڈ پرلانے کیلئے شاہراہوں کی بندش کو سب سے آسان اور موثر ہتھیار بنا لیا ہے جس کی وجہ سے ٹرک ٹرانسپورٹروں کو تکالیف اور نقصانات کا سامنا ہے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے احتجاجوں کیلئے شاہراہوں کی بندش کے علاوہ دیگر طریقوں کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کیلئے ریکارڈ پر لایا کریں اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ شاہراہوں کی بندش کیلئے سخت قوانین بنائیں۔