• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی فٹ بال ٹیم اگرچہ فیفا ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لیتی تاہم دنیا کے اس سب سے بڑے ایونٹ میں پاکستان کی شمولیت ضرور ہوئی ہے اور اس طرح کہ اس ورلڈ کپ میں استعمال ہونیوالی فٹ بال پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار ہوئی ہے، قطر میں منعقد ہونیوالےورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹ بال’’الریحلہ ‘‘استعمال ہوگی اور یوں عالمی ایونٹ میں پاکستانی کی نمائندگی ہوگی۔ سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس نے ایڈیڈاز کیلئے الریحلہ فٹ بال تیار کی ہے جو باضابطہ طور پر فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال ہوگی اور یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور فخر کی بات ہے۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ورلڈ کپ میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال استعمال ہو رہی ہو بلکہ یہ تیسرا موقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں فارورڈ اسپورٹس کا برانڈ استعمال کیا جائے گا۔ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے اور اسے دنیا کی بہترین فٹ بال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ قبل ازیں روایتی طور پر فٹ بال ہاتھ سے سلی ہوتی تھی تاہم ایک نئی ٹیکنالوجی تھرموس بانڈنگ پہلی بار 2014 کے ورلڈ کپ میں متعارف کرائی گئی تھی۔یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کا شہر سیالکوٹ تقسیم ہند سے قبل ہی ایسی اعلیٰ معیار کی سپورٹس مصنوعات تیار کر رہا ہے جن کی دنیا بھر میں مانگ ہے ،جن میں والی بال، ہاکی اسٹکس، کرکٹ بیٹ اور کھیلوں میں استعمال ہونے والے لباس سمیت دیگر کھیلوں کا سامان شامل ہے، فیفا ورلڈ کپ میں پاکستانی فٹ بال کے استعمال سے نہ صرف پاکستان کی سپورٹس مصنوعات بنانے والی صنعت دنیا بھر میں مزید متعارف ہوگی بلکہ اس کی برآمدات میں بھی یقیناً اضافہ ہو گا ،حکومت کو اس انڈسٹری کے فروغ پر بھی بھر پور توجہ دینا ہو گئی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین