• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، آئی ایم ایف کی قسط ملنے کا اشارہ، 700 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ کی جانب سے فنڈ کی قسط جاری ہونے کا اشارہ ملنے کے بعداور ایف اے ٹی ایف کے گرے لسٹ سے پاکستان کے اخراج کی امید پرمنگل کوپاکستان اسٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 700پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ ایک بار پھر 42ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی اور انڈیکس 42500پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں98ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 70کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 78.89فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ ماہرین کے مطابق وزیر خزانہ کی جانب سے ایک یا دو دن میں آئی ایم ایف سے مالی فنڈ پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کا اشارہ ملنے پر تیزی سے گرتی ہوئی مارکیٹ کو سہارا ملا ہے تاہم فنڈ کے اجراءمیں تاخیر مارکیٹ کی تنزلی کا سبب بن سکتا ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں748.97پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 41776.98 پوائنٹس سے بڑھ کر42525.95 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 301.49پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 15954.31پوائنٹس سے بڑھ کر16255.80 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28599.83پوائنٹس سے بڑھ کر29004.11پوائنٹس پرجا پہنچا ۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 98ارب 38کروڑ84لاکھ35ہزار819روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب 60ارب 84کروڑ 61لاکھ 37ہزار 937 روپے سے بڑھ کر 70کھرب 59ارب 23کروڑ 45لاکھ 73ہزار 756روپے ہو گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 9ارب روپے مالیت کے 30کروڑ5لاکھ92ہزار حصص کے سودے ہوئے۔