• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ لاجز معاملے کیلئے اسپیکر اسمبلی سے رجوع کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارلیمنٹ لاجز سے متعلق دائر پی ٹی آئی کے 2 ایم این ایز کی درخواست پر انہیں اسپیکر اسمبلی سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

‏چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے پی ٹی آئی ایم این ایز شوکت علی بھٹی اور امیر سلطان کی درخواست پر سماعت کی۔

پارلیمنٹ لاجز کی رہائش خالی کرانے کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے دونوں ایم این ایز کو اسپیکر اسمبلی سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کی سماعت کے دوران وکیل سے استفسار کیا کہ کیا انہوں نے استعفے دیئے ہیں؟ کیا یہ اجلاس میں جاتے ہیں؟

وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ استعفے نہیں دیئے اور قومی اسمبلی اجلاس میں جاتے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیئے کہ اب ایک کمرے کیلئے یہ عدالت کوئی رٹ تو جاری نہیں کرسکتی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ‏عدالت خود کو پارلیمنٹ کے معاملے میں مداخلت کرنے سے روک رہی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایات کیساتھ دونوں پی ٹی آئی ممبران قومی اسمبلی کی درخواست نمٹا دی۔

قومی خبریں سے مزید