متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکنِ سندھ اسمبلی دانیال احمد نے کہا ہے کہ ہمارے پاس گندم محفوظ کرنے کا مسئلہ ہمیشہ رہا ہے، جو کرپشن کا سبب بنتا ہے۔
سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کے دوران دانیال احمد نےاستفسار کیا کہ بار دانہ دینے کا طریقہ کار کیا ہے؟ چھوٹے کاشت کاروں کو کیسے تحفظ دیا جاتا ہے؟
اس پر وزیرِ خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے جواب دیا کہ باردانہ تقسیم کرنے کا طریقہ کار موجود ہے اور انتظامی مشینری بھی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھوں گا کہ باردانہ کی منصفانہ تقسیم ہو، کروڑوں کی کرپشن ہوئی اور دادو کے امین جمالی نامی شخص کی رپورٹ کہاں ہے؟
اس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ رپورٹ کہاں آئی ہے؟ میرے علم میں نہیں ہے۔
دانیال احمد نے کہا کہ یہ ایک اخبار کی رپورٹ تھی، سندھ اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ آپ وزیر صاحب کو یہ خبر بھیج دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس گندم محفوظ کرنے کا مسئلہ ہمیشہ رہا ہے جو کرپشن کا سبب بھی بنتا ہے، تو کیا اس بار اس حوالے سے کوئی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایم کیو ایم کی ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ جب تک گندم کی قیمت طے ہوتی ہے، گندم خراب ہو جاتی ہے، بروقت قیمت طے نہیں ہو سکتی۔
اس معاملے پر مخدوم محبوب نے کہا کہ پنجاب نے جو قیمت طے کی تھی ہم نے گندم کی قیمت بھی ان سے زیادہ رکھی اور ان سے پہلے قیمت طے کی تھی، ہمیں جتنی جگہ ملتی ہے ہم طریقہ کار کے مطابق گندم محفوظ کرتے ہیں۔