پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں غیرمعمولی کارکردگی پرمبارک دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے پرامن، ترقی پسند اور خوشحال سندھ کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نفرت، تقسیم، مذہب اور قومیت کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام نے جناح کے پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بھاری اکثریت سے جیت لیے، تقریباً تمام ہی اضلاع میں ووٹروں نے تیر پر بڑھ چڑھ کر ٹھپّے لگائے، دوسرے امیدواروں کو بہت ہی کم حلقوں میں فتح حاصل ہوسکی۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق میونسپل کمیٹیوں میں اب تک کل 354 میں سے 302 نشستوں کے نتائج سامنے آچکے، جن میں سے پیپلز پارٹی نے 239 نشستیں جیت لیں۔
ٹاؤن کمیٹیوں میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی، کُل 694 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی نے اب تک غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق 413 نشستیں جیت لیں۔