• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی پیسہ کمانے کیلئے ہر سال تین ملکی ٹوئنٹی سیریز کا خواہاں، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو ملانے کا منصوبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پی سی بی نے اپنی سالانہ چار ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تجویز سے بھارت کو نکال دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ دنیا میں بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے دوران نئے فیو چر ٹور پروگرام میں ہر سال ایک تین قومی ٹورنامنٹ کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جس میں پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شرکت کریں ۔ٹورنامنٹ کو اسپانسر کرنے کیلئےپاکستانی سرمایہ کاروں سے ایک کنسورشیم بنانے کیلئے بات چیت ہورہی ہے ۔ دنیا کی دو بڑی ٹیموں کو ہر سال پاکستان بلانا آسان کام نہیں ہے پھر انگلینڈ اور آسٹریلیا کی مصروفیات کو بھی دیکھنا ہوگا۔ اس ماہ کے آخر میں رمیز راجا کراچی آکر کچھ بزنس ہائوسسز سے بات کریں گے۔ پی سی بی کی کوشش ہے کہ ہر سال کی ونڈو فکسڈ کردی جائے جس میں موسم اثر انداز نہ ہو۔ پھر ہر سال ایک بڑی ٹیم پاکستان آئے۔ چوں کہ اب دو طرفہ سیریز میں جان باقی نہیں ہے اس لئے پیسہ کمانے کا واحد ذریعہ ہے کہ ہر سال دو بڑی ٹیموں کو بلاکر ٹی ٹوئنٹی سیریز کرائی جائے۔ پی ایس ایل طرز میں تین قومی ٹورنامنٹ میں مقامی اسپانسرز آگے آئیں اور تماشائی بھی سیریز میں دلچسپی لیں۔ نیا فیوچر پروگرام 2024سے 2027تک ہو گا۔ واضح رہے کہ رمیز راجا اس سے قبل پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان چار قومی ٹورنامنٹ کا آئیڈیا دے چکے ہیں جو آئی سی سی کے پاس موجود ہے۔ نئے فیوچر ٹور پروگرام میں بھارت کے ساتھ کسی سیریز کو نہیں رکھا گیا ہے۔