محکمۂ موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 2 سے 5 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں یکم جولائی تک مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ اس دوران رات و صبح میں بوندا باندی متوقع ہے۔
اسی عرصے میں شہرِ قائد میں درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے نم ہوائیں 2 جولائی کو مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے جن کے باعث کراچی میں 2 سے 5 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اس دوران تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، میر پور خاص اور حیدر آباد میں بھی آندھی اور بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور شکار پور میں چند مقامات پر بھی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث کراچی، حیدر آباد، میر پور خاص، عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین اور دادو میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 3 سے 5 جولائی کے دوران سمندر میں طغیانی رہے گی لہٰذا ماہی گیر احتیاط کریں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں چاول کی فصل اگانے کے لیے فائدہ مند ہوں گی، ان بارشوں کے باعث پانی کی قلت میں کمی کا بھی امکان ہے۔