ایون مورگن کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد اب انگلینڈ کو وائٹ بال کرکٹ میں نیا کپتان مل گیا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے مورگن کے بعد اب جوز بٹلر کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔
جوز بٹلر ناصرف بطور نائب کپتان ایون مورگن کے ساتھ کھیلتے رہے ہیں، بلکہ ان کی عدم موجودگی میں 9 ون ڈے میچز اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں انگلینڈ کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔
اس حوالے سے بٹلر کا کہنا ہے کہ ’’اپنے ملک کی کپتانی کرنا سب سے بڑا اعزاز ہے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ٹیم کو آگے لے جانے کا مزید انتظار نہیں کرسکتے۔
جوز بٹلر اب تک 57 ٹیسٹ، 151 ون ڈے اور 88 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
بٹلر کا بطور کپتان پہلا اسائنمنٹ بھارت کے خلاف 7 جولائی سے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز ہے جس کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان کل ہوگا۔