مری (نمائندہ جنگ‘ آن لائن) مری کے نواحی علاقہ دیول میں رشتے سے انکار پرا سکول کی استانی پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سکول ٹیچر (م) نے ایک شادی شدہ شخص سے شادی کرنے سے انکار کیا تو رشتہ مانگنے والے شخص نے اس کے گھر جاکر اس پر تیل چھڑک کے آگ لگا دی جس کے باعث اس کا 85 فیصد جسم جھلس گیا‘ جسے تشویشناک حالت میں پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔ اس واقعہ پر علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور عوام نے پولیس سے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پانچ افراد آئے اور اسے آگ لگائی جن میں سے ایک نامزد ملزم ٹیچر شوکت محمود بتایا گیا ہے۔ میاں ارشد اور رفعت کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ متاثرہ استانی کے اہل خانہ واقعہ کے وقت کسی دوسرے مقام پر فوتگی پر گئے ہوئے تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مری میں لڑکی کو آگ لگانے کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم اور آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔