نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے اورنگی نالے میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔
ترجمان این ایل سی کے مطابق حساس مقامات پر پانی کے بہاؤ کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی، لانگ بوم ایکسکویٹر اور ڈی واٹرنگ پمپس کو حساس علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گلیوں میں پانی کا داخلہ روکنے کے لیے تمام چوکنگ پوائنٹس پر مسلسل ڈریجنگ کی جارہی ہے، ریت کے 20 ہزار تھیلے نشیبی علاقوں کے ساتھ نالے کے اطراف میں رکھے گئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اورنگی نالے پر حفاظتی بندوں کی تعمیر بھی جاری ہے، شاداب گراؤنڈ، مین کیمپ اور سائٹ ایریا میں ایمرجنسی رسپانس سیل قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی رسپانس سیل بارشوں کے دوران 24 گھنٹے کام کریں گے۔
خیال رہے کہ آج شام شہر قائد میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل کی دوپہر تک کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور متوقع آندھی کی پیش گوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیشگی حفاظتی اقدامات کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں۔