پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالی اسکینڈل میں گرفتار نجی کمپنی کے مالک کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
نیب کی جانب سے ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جج محمد ظفر نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم شیر علی نجی انٹرپرائز کمپنی کا مالک ہے، ملزم کے اکاؤنٹ میں 4 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، ٹرانزیکشن مرکزی ملزم قیصر اقبال کے اکاؤنٹ سے ہوئی، ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے پیسے آگے منتقل کیے ہیں، ملزم نے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے اپنے پاس رکھے، ملزم نے باقی رقم دیگر 2 ملزمان ممتاز اور انور علی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے ساتھی ملزم فیض اللّٰہ احمد کی ملی بھگت سے مزید 5 کروڑ 10 لاکھ روپے وصول کیے، ملزم نے دورانِ تفتیش مانسہرہ میں ایک رہائشی گھر خریدنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہو گئی ہے، اس کا مزید جسمانی ریمانڈ نہیں چاہیے۔