• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی اوآرزپراتفاق کے بعدبھی کرپشن کا مسئلہ حل نہ ہواتوسڑکوں پر آسکتے ہیں، خورشید شاہ

سکھر(بیور ورپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ٹی او آرز پر اتفاق رائے کے بعد بھی اگر کرپشن کا معاملہ حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی سڑکوں پر بھی آسکتی ہے‘پیپلزپارٹی نے میاں نواز شریف کو نہیں بلکہ بھٹو کی جمہوریت اور آئین کو بچایا ہے‘جمہوریت کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے‘جمہوریت پربرا وقت آیا تو پیپلزپارٹی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی‘ آج کے حالات کنٹینر کی سیاست سے مختلف ہیں‘وہ کرونڈی میں سپاف کے رہنما شہید اقبال کی 30ویں برسی کی تقریب سے خطاب اور سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سپاہی ہیں جس نے ملک اور قوم کی خاطر اپنی جان قربان کردی لیکن کسی کے سامنے جھکے نہیں‘انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز پر اتفاق کے بعد بھی اگر کرپشن کا معاملہ حل نہیں ہوتا تو پیپلزپارٹی سڑکوں پر بھی آسکتی ہے‘ حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ وہ کرپشن کے اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں کیونکہ اس اسکینڈل کی وجہ سے ملک بھر کے سیاستدانوں پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، عوام خصوصًا بیرون ملک مقیم پاکستانی ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ سیاستدان ملک سے پیسہ باہر بھیج رہے ہیں اور ہم سے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے کہا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ جب سیاستدان اپنا سرمایہ ملک سے باہر لے کر جائیں گے تو پھر ہم کسی کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت کس طرح دے سکتے ہیں۔
تازہ ترین